How to start a milk shop


السلام و علیکم ورحمۃ اللہ و برکۃ!
محترم بھائی پہلے آپ خود کسی ملک شاپ پر ایک ماہ کام کرو کام سیکھو اچھے سے اس ایک ماہ کے دوران آپکو خود پتہ چل جائے گا کہ کیا کرنا ہے کیسے کرنا ہے کیا منافع ہے اور کیا نقصان ہے.
ملک شاپ بنانے کے لیے زیادہ پیسے درکار نہیں ہیں دکان کا ایڈوانس دینے کےبعد ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ خرچہ ہوتا ہے جس میں آپ ایک عدد فریزر , ایک عدد کاؤنٹر , ایک برنر, کڑاھا, دہی کے برتن, دو عدد دودھ کے برتن فریزر میں رکھنے کے لیے اور ایک 20 کلو والی ڈرمی دودھ لانے لیجانے کے لیے چند برتن دہی لگانے کے لیے, لسی بنانے والا برتن گلاس , ایک عدد الیکڑانک سکیل اور ایک عدد سٹیل ڈرم, اور پلاسٹک کے ایک دو برتن خریدیں گے یہ ٹوٹل آپ کی انویسٹمنٹ ہوگی اس میں تھوڑی بہت گنجائش ہو سکتی ہے.
دکان بنانے سے پہلے آپکو کسی پارٹی سے بات کرنا ہوگی جو آپ کو روزانہ کی بنیاد پر اچھا اور معیاری دودھ آپ کی دکان پر پہنچائے اور اس میں ناغہ نہ کرے اور اگر کسی دن خدا نہ خواستہ کسی بھی وجہ سے وہ دودھ دینے سے قاصر ہو تو آپکو پہلے مطلع کرے تاکہ آپ اپنا دودھ کا انتظام کر سکیں ( اس کے لیے آپ کو جہاں آپ دکان بنا رہے ہیں وہاں آس پاس کے ہول سیل ڈیلرز کا پتہ ہونا چاہیے تاکہ بوقت ضرورت ان سے آپ دودھ لے سکیں)
ایک مہینہ کسی دکان پر کام کر کے آپ دہی جمانا سیکھیں گے کیونکہ دودھ دہی کے کام معیاری دودھ کے ساتھ ساتھ اچھا اور میٹھا دہی بھی بہت اہمیت کا حامل ہے اس سے آپ کی دکانداری کو چار چاند لگ جاتے ہیں.
اب بات کرتے ہیں ڈیوٹی کی اگر آپ صبح 6 سے رات 11 تک دکان کی ٹائمنگ رکھتے ہیں تو یہ 17 گھنٹے بنتے ہیں لیکن آپ کو صبح 5 بجے اٹھنا ہو گا اور رات 12 یا 1 بجے آپ سو سکیں گے تو آپکی ڈیوٹی ٹائمنگ 19 سے 20 یا 21 گھنٹے بھی ہو سکتی ہے.
اس کے لیے آپ کو ایک عدد ہیلپر کی ضرورت پڑے گی جو کہ شروع میں آپ کے لیے رکھنا مشکل ہوگا کیونکہ دکانداری بنتے بنتے دو تین ماہ لگ جائیں گے دو تین ماہ کے بعد آپ ایک ہیلپز کی تنخواہ نکال سکیں گےاپنے کام میں سے. اور اگر انویسٹمنٹ ہے تو آپ تین ماہ تک ہیلپز کی تنخواہ اپنی جیب سے بھی دے سکتے ہیں.
ہیلپر پر مکمل انحصار آپ نہیں کر سکتے ان کا کوئی اعتبار نہیں ہوتا کب چھوڑ کر چلے جائیں تو بہتر ہوگا شروع میں ہی اپنے بھائی یا بیٹے کو اپنے ساتھ کام پر لگائیں اس سے چھوڑ جانے والی پریشانی بھی ختم اور بے ایمانی والی بھی کیونکہ ملازم پر آپ کیش کے معاملے میں بھروسہ نہیں کر سکتے.
باقی دودھ دہی کے ساتھ آپ مکھن , دیسی گھی , لسی ,بریڈ , انڈے, رس, کیک رس, کولڈ ڈرنکس ,جلیبی اور علاقہ کے حساب سے جہاں آپ دکان بنا رہے ہیں سموسے پکوڑے کا کام بھی اسی ایک شاپ میں کر سکتے ہیں اس سے آپکی انکم میں اضافہ ہوگا کیونکہ اتنی لمبی ڈیوٹی ٹائمنگ میں ایک ہی کام کرنا اور اسی ہر انحصار کرنا بیوقوفی ہے تو یہ کام ساتھ کر لیں گے تو آمدن بڑھ جائے گی.
مزید پھر کہنا چاہونگا کہ پہلے ایک ماہ یہ کام خود سیکھیں اس کی باریکیوں کو جانیں. دہی لگانا سیکھیں خدانخواستہ دودھ خراب ہو جائے تو اس کا حل کیا ہے یہ سیکھیں اور پھر اسی ایک ماہ کے دوران دودھ کے ڈیلرز کے ساتھ اپنے تعلقات بنائیں کم از کم 3/4 ڈیلرز کے ساتھ آپ کی سلام دعا ہونی چاہیے تاکہ ضرورت کے وقت آپ ان سے دودھ منگوا سکیں.
یہ چند. باتیں ہیں بھائی ابھی تو اور بھی بہت کچھ ہے آپ کی رہنمائی کے لیے جو وقت کے ساتھ ساتھ آپکو سمجھ آجائے گا.
شکریہ.
دعاؤں میں یاد رکھیے گا

Leave a comment

Up ↑